بھنگ
مختلف نام
اردو بھنگ (cannabis benefits) پنجابی بھنگ ہندی بھانگ بھنگ یونانی قنابّس مرہٹی بھنگ عربی ورق الخیال قب حشیش فارسی بنگ فلک سیر تیلگو بھنگی چنبری تلواراں گجراتی بھانگیہ سنسکرت شکراشن وجیا جیا متکشاری بھنگا اندراشن بیرپترا چیلا اجیا آنندا ہرشتی موہی بھرنکسی دھورت ودھ بھرنگال دھورت پتنی وغیرہ تامل پنگی میدا متاگم ۔لاطینی میں کینے بس(Cannabis) اور انگریزی میں ہمپ(Hemp)کہتے ہیں
شناخت
بھنگ کا پودا آدھے میٹر سے ایک میٹر تک لمبا ہوتا ہے
اس کی شاخیں باریک باریک ہوتی ہیں جن پر چار پانچ پتے لگتے ہیں
یہ پتے گہرے سبز اور کھردرے سے ہوتے ہیں۔ پھول سفید رنگ کا ہوتا ہے اور بیج ہلکا گول اور چھوٹا سا ہوتا ہے۔بھنگ کے پودوں کے پھول دار شاخوں کو جن کے پتوں پر رال دار دودھ لگا رہتا ہے اس کو گانجا کہتے ہیں اور بھنگ کے پتوں پر جو لیس در رطوبت لگی رہتی ہے اسے چرس بولتے ہیں
یہ رطوبت بھنگ کو جوش دے کر حاصل کی جاتی ہے
بھنگ کی تین قسمیں ہیں
بستانی صحرائی اور کوہی بستانی سے مراد وہ بھنگ ہے جو بوئی جاتی ہے
صحرائی وہ ہے جو اپنے آپ پیدا ہوتی ہے
ادویات میں زیادہ تر کار آمد بستانی بھنگ ہے
اس کا قد ایک ہاتھ سے لے کر پانچ ہاتھ تک ہوتا ہے
لکڑی اندر سے کھوکھلی ہوتی ہے
شاخیں پتلی ہوتی ہیں
ہر ڈنڈی پر پتے پانچ سے نو تک آتے ہیں اور اکثر نیچے کو لٹکے ہوئے ہوتے ہیں۔پتے بہت سر سبز اور کھردرے ہوتے ہیں
پھول نہایت چھوٹا سا اور سفید رنگ کا ہوتا ہے
پھل گول اور جوار کے دانے کے برابر ہوتا ہے
اس کے اوپر سبز رنگ کا چھلکا ہوتا ہے
جب چھلکے کو رگڑ پہنچتی ہے تو وہ دور ہو جاتا ہے۔اند رسے سفید چکنا اور گول دانہ جوار کے دانہ سے کسی قدر چھوٹا نکلتا ہے۔کچھ عرصہ کے بعد اس کی سفیدی دور ہوکر اس میں میلا پن اور تاریکی آجاتی ہے
اس کے دانہ کا خول سخت ہوتا ہے توڑنے سے اندر سے میلا اور کچھ سبزی مائل یا بالکل سیا ہ اور چھوٹا سا بیج نکلتا ہے
صحرائی اور پہاڑی قسم کے درخت اس قدر اونچے نہیں ہوتے
ان کا پتہ زیادہ کھردرا ہوتا ہے اور رنگ بھی زیادہ سبز نہیں ہوتا بلکہ اس پر سفیدی غالب ہوتی ہے اور پھول سرخی مائل ہوتا ہے
مزاج
پتے تیسرے درجہ میں سرد خشک ہوتے ہیں اور ان میں تھوڑی سی لطیف حرارت بھی پیدا ہوتی ہے لیکن کثیف برودت بڑھی ہوئی ہوتی ہے
چھال سرد و خشک ہوتی ہے
مگر ریشوں میں سردی اور خشکی اعتدال پر ہوتی ہے
صحرائی قسم تیسرے درجہ میں گرم اور خشک پائی جاتی ہے
مقدار خوراک
اس کی جڑ کا سفوف آٹھ رتی تک کھلایا جاتا ہے
اس کا جوہر چوتھائی رتی سےا ٓدھی رتی تک استعمال کیا جاتا ہے
شروع میں خوراک ہمیشہ کم دینی چاہئے ۔بھنگ کے پتوں کی خوراک دورتی سے دو تین گرام تک ہے
فوائد
پیاس، بھوک اور اُمنگ کو تیز کرتی ہے اور آخر میں دماغی طاقت کو بالکل سست کر دیتی ہے جس کی وجہ سے بینائی خراب ہو جاتی ہے۔ آنکھوں کے آگے اندھیرا آنے لگتا ہے۔ کمزوری، خوف اور نقاہت بڑھ جاتی ہے۔امنگ ختم ہو جاتی ہے
میٹھی چیز بھنگ کے نشہ کو تیز کرتی ہے لیکن ترشی سے اس کا نشہ کم ہو جاتاہے۔بعض آدمی جو کبھی کبھی تفریح کے لئے پیتے ہیں اور عادت نہیں پڑنے دیتے انہیں اس سے نقصان نہیں ہوتا لیکن جو لوگ صبح و شام بکثرت استعمال کرتے ہیں
کھانسی وغیرہ میں مبتلا ہو کر آخر کو لقمئہ اجل بن جاتے ہیں
مغز بادام مغز کدوئے شیریں مغز تربوز چھوٹی الائچی یا سونف وغیرہ کے ساتھ گھوٹ کر پینے سے اس کا نقصان کافی حد تک کم ہوجاتا ہے
اس کا مضر اثر دور کرنے کے لئے ترش میوے کھانا، سرد پانی پینا یا شربت لیموں کا استعمال کیا جاتا ہے
اگر بھنگ کے برے اثرات ظاہر ہوں تو گھی گائے اور گرم پانی سے قے کرائیں۔ معمولی ادرک وحرمل کے دانے سرکہ میں ملا کر چاٹنے سے بھنگ کا نشہ دور ہو جاتا ہے
اسی طرح ادرک نمک لاہوری رس لیموں میں ملا کر دینے سے غشی اور نشہ کی زیادتی دور ہوجاتی ہے
ماڈرن ریسرچ
اس میں مندرجہ ذیل مادے پائے گئے ہیں
1۔رال کی قسم کا ایک جوہر مؤثر جسےکینے بینول یا جوہرقنب کہتے ہیں 33 فیصدی یہ پانی میں حل نہیں ہوتا البتہ الکوحل اورایتھروغیرہ میں آسانی سے حل ہو جاتا ہے
2۔ٹرپن 1.8 فیصدی
3۔پیر افن ہائیڈروکاربن
4۔ ایک قسم کا والے ٹائل آئل(روغن فراری)
5۔ایک الکلائیڈ جو مؤثر و معروف نہیں
بھنگ کے آزمودہ وآسان مرکبات درج ذیل ہیں
کمزوری
بھنگ ایک گرام، مرچ کالی تین عدد پانی میں پیس کر پلائیں
شادی سے پہلے و شادی کےبعد کی کمزوری میں مفید ہے لیکن اسے کبھی کبھی استعمال کرنا چاہئے
موسمی بخار
بھنگ کے پتے ایک گرام کالی مرچ ایک گرام ہینگ ایک رتی
سفوف بناکر بخار کی باری سے ایک گھنٹہ پہلے دیں
بخور بواسیر
بھنگ کے پتے9 گرام، کبوتر کی بیٹ 9 گرام پڑیہ بنائیں اور کوئلوں پر ایک پڑیہ ڈال کر دھونی دیں بواسیر کے مسوں کو دور کرنے کے لئے مجرب ہے
سپن دوش
پھول انار مغزسیتا سپاری،بھنگ کے پتے، مغز دھنیا ہر ایک دس دس گرام۔ پانی کی مدد سے دو دو رتی کی گولیاں بنائیں
ایک سے دو گولی صبح و شام ہمراہ تازہ پانی استعمال کریں بڑھتی ہوئی اُمنگ کو دور کرکے سپن دوش کو آرام دیتی ہے
دیگر
سمندر سوکھ بیج بند تخم سریالی، بیج بھنگ ہر ایک 12۔ 12 گرام کشتہ قلعی ایک گرام، کشتہ چاندی ایک گرام
باریک پیس کر سفوف بنائیں
بقدر ڈیڑھ گرام ہمراہ دودھ نیم گرم جریان اور سپن دوش کے لئے مفید ہے
معجون فلک سیر
مغز بادام شیریں مغز فندق مغز چلغوزہ مغز اخروٹ افیون بھنگ مغز کدو شیریں مغز کاہو ہر ایک 6گرام جائفل جاوتری ہر ایک 48 گرام مشک عنبر ہرایک 6 رتی چینی سفید سب ادویہ سے دوگنی
حسب دستور معجون بنائیں خوراک ایک گرام دودھ سے دیں
اسے لگاتار استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ شروع میں تو طاقت دے گی، بعد میں کمزوری پیدا کر سکتی ہے
بھنگ کے پتوں سے تیار ہونے والے کشتہ جات
کشتہ قلعی
قلعی 12 گرام، پترہ بناکر باریک باریک کتر لیں اور ان ٹکڑوں کو 125 گرام بھنگ کے نغدہ میں رکھ کر دس کلو اُپلوں کی آگ دیں
سرد ہونے پر نکال لیں
قلعی شگفتہ برآمد ہو گی
پیس کررکھ لیں جریان احتلام کے لئے مفید ہے
خوراک ایک رتی سے دورتی ہمراہ مکھن دیں
کشتہ مرجان
250 گرام بھنگ کے پتوں کو پانی کے ساتھ مل کر نغدہ بنائیں
اس میں شاخ مرجان شدھ 60 گرام رکھ کر کوزہ گلی میں گل حکمت کرکے بیس کلو اپلوں کی آگ ہوا سے محفوظ رکھ کر دیں
کشتہ برنگ سفید برآمد ہوگا
پہلی دفعہ کچا رہے تو دوبارہ یہ عمل کریں
خوراک
دورَتی سے تین رتی ہمراہ بالائی دیں پیشاب کی نالی کی سوجن اور کمزوری جگر کے لئے مفید ہے
کشتہ سنگ جراح
سنگجراح 25 گرام کو مٹی کے برتن میں رکھ کر 5 گرام دودھ آک بطریق چویہ جذب کریں۔ پھر دودھ بھینس 50 گرام کا چویہ دیں پھر 50 گرام بھنگ کے پتوں کا نغدہ بناکر سنگ جراح کو اس میں لپیٹ کر کوزہ گلی میں نیچے اور اوپر 15 گرام پھٹکری سرخ رکھ کر گل حکمت کریں
خشک ہونے پر پانچ کلو اُپلوں کی آگ دیں ایک رتی ہمراہ مکھن دیں پیشاب کی نالی کی سوجن میں مفید ہے
کشتہ مردارسنگ
مردار سنگ شدھ 10 گرام کو نغدہ برگ بھنگ 250گرام میں رکھ کر 10 کلو اُپلوں کی آگ دیں اس طرح تین بار آگ دیں نہایت عمدہ کشتہ ہوگا
اس کو باریک پیس لیں اور آدھی رتی(اگرین) مکھن یا بالائی میں دیں زہریلے امراض میں ازحد مفید ہے
کشتہ شنگرف
شنگرف 50 گرام کی ڈلی کوایک بوتل اوّل درجہ کی شراب میں متواتر کھرل کریں
پھر ٹکیہ بنا کر 25 گرام لہسن اور 25 گرام بھنگ کے پتوں کے نغدہ میں محفوظ جگہ پر 25 کلو اپلوں کی آگ دیں سفید کشتہ ہوگا
خوراک
ایک سے دو گرین( آدھی رتی سے ایک رتی) تک مکھن میں کھلائیں
شادی سے پہلے اورشادی کےبعد کی کمزوری میں مفید ہے